عید کے دوران شدید گرمی کی پیش گوئی، پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

09:03 AM, 7 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پنجاب میں آج سے 12 جون تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔

محکمے کے مطابق وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے، جب کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بھی پارہ 4 سے 6 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

شدید گرمی کے پیش نظر ریلیف کمشنر پنجاب نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

دوسری جانب طبی ماہرین نے عید کے موقع پر شہریوں کو گوشت کھانے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق شدید گرمی میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی، اسہال اور پیٹ کی دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ شہری گوشت کو صحیح طریقے سے محفوظ رکھیں اور صاف پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ عید کی خوشیاں کسی ناخوشگوار صورتحال کا شکار نہ ہوں۔

مزیدخبریں