وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا اور تاجکستان کے رہنماؤں سے رابطہ

02:31 PM, 7 Jun, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں باہمی تعلقات، علاقائی امن اور امت مسلمہ کے اتحاد پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے ملائیشیا کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی اور پاک بھارت کشیدگی کے دوران ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے امن اور سلامتی کی دعا کی، اور امت کے اتحاد و خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن بھارت کی جارحیت کے مقابلے میں بروقت اور فیصلہ کن ردِعمل دینا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کو خطے کے مفاد میں قبول کیا ہے، اور بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

اسی طرح وزیراعظم کا تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ شہباز شریف نے عید کی مبارکباد کے ساتھ دوشنبے کے حالیہ دورے میں مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تاجکستان کے امن پسند مؤقف کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں استحکام کے لیے کوششیں کی ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تاجک صدر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی، جس پر امام علی رحمانوف نے شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں