فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مجوزہ احتجاجی تحریک سے نہ پارٹی کو فائدہ ہوگا اور نہ ہی عوام کو کوئی ریلیف ملے گا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کو ایسی سیاسی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیے جو صرف انتشار کا سبب بنیں۔
فیصل آباد میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت کسی مؤثر عوامی تحریک کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ اگر وہ احتجاج کرے گی تو اپنے کارکنوں کو مزید مشکلات میں ڈالے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ اپوزیشن کو ذاتی مفادات کے بجائے قومی مسائل پر سیاست کرنی چاہیے اور انتخابی اصلاحات پر حکومت سے مذاکرات میں شامل ہونا چاہیے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی بحالی کی طرف گامزن ہے، اور اس کامیابی کو مزید آگے بڑھانے کے لیے سیاسی استحکام اور قومی اتفاقِ رائے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو دعوت دی کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی پیشکش قبول کرے اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کی تشکیل پر اتفاق کرے تاکہ آئندہ انتخابات شفاف اور متنازع نہ ہوں۔
بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کی، لیکن پاکستانی قوم اور افواج نے متحد ہو کر دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ "آج پاکستان کو دنیا میں ایک طاقتور اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا کریڈٹ سپاہی سے لے کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر تک پوری فوج کو جاتا ہے۔"