عید کے روز بھی اسرائیلی بمباری، غزہ میں 42 فلسطینی شہید، خان یونس میں جوابی حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

05:54 PM, 7 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ :  عیدالاضحیٰ جیسے مقدس دن پر بھی فلسطینی عوام کے لیے سکون کی کوئی گھڑی نہ آئی۔ اسرائیلی فورسز نے عید کے پہلے روز غزہ کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 42 فلسطینی شہید ہو گئے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں جبالیا کے علاقے میں ہوئیں جہاں ایک ہی حملے میں 11 افراد جان سے گئے۔

ادھر خان یونس میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج پر حملہ کیا، جس میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ فوجی ایک عمارت میں داخل ہوئے تھے جہاں پہلے سے دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔ دھماکے سے عمارت منہدم ہو گئی اور فوجی اس کے نیچے دب گئے۔

دوسری جانب غزہ میں امداد فراہم کرنے والی ایک امریکی حمایت یافتہ تنظیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے تمام امدادی مراکز ایک روز سے زائد بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں ان مراکز پر امداد کے انتظار میں بیٹھے 110 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اس تمام صورتحال کے باوجود عالمی سطح پر فلسطین کی آواز کو جزوی طور پر سنا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) نے فلسطین کو باضابطہ طور پر مبصر ریاست کا درجہ دے دیا ہے، جو ایک علامتی مگر اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ میں اب تک کم از کم 54,677 فلسطینی شہید اور 1,25,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ عید کے دن ہونے والی تازہ کارروائی نے ایک بار پھر دنیا کو اس انسانی بحران کی سنگینی یاد دلا دی ہے۔

مزیدخبریں