اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کے ہیڈکوارٹر وانا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحد پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید منائی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وانا آمد پر آئی جی ایف سی (ساؤتھ) نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں، پولیس اور قبائلی عوام کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ بعد ازاں اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے اہلکاروں کی جرات، قربانی اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا "آپ کی قربانیاں پاکستان کے تحفظ کی ضمانت ہیں، یہی حوصلہ اور جذبہ ملک کی اصل طاقت ہے۔"
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام کے کردار اور قربانیوں کو بھی سراہا اور ان کے عزم کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔