فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ،عید جوانوں کےساتھ منائی ، آئی ایس پی آر

03:30 PM, 7 Jun, 2025

راولپنڈی : چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ عید منائی، ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ عید کی نماز ادا کی اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر شہداء کو یاد کیا گیا اور وطن کے دفاع کے عزم کو دہرایا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجیوں کی تیاری، دلیری اور بھارت کی سیزفائر خلاف ورزیوں کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے "مارکہ حق" اور "آپریشن بنیان مرصوص" میں فوجیوں کی مثالی کارکردگی پر بھی ان کی تعریف کی۔

اپنے خطاب میں آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف دوٹوک انداز میں دہراتے ہوئے کہا "مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے، کشمیریوں کی بہادری اور جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔"

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے ہاتھوں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کی شہادت کا بدلہ دلیری سے لیا گیا ہے، اور پاک فوج مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔

مزیدخبریں