تربت میں بم دھماکہ، باپ بیٹا جاں بحق، 4 افراد زخمی

07:26 PM, 7 Jun, 2025

تربت : بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے زامران میں گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا زامران کے مقام سیرکزہ میں اس وقت پیش آیا جب محمد امین ولد عبدالکریم اپنے بیٹے نوید امین کے ہمراہ عید کی نماز کے لیے قریبی گاؤں گربن جا رہے تھے۔ راستے میں ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے میں محمد امین اور ان کا بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دیگر چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔

تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

مزیدخبریں