پی ٹی آئی کی تحریک کو عوامی حمایت حاصل نہیں، وفاق سے بات چیت کرے: شرجیل انعام میمن

09:32 PM, 7 Jun, 2025

حیدرآباد:سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی کوئی تحریک کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی، اس لیے بہتر ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے مذاکرات کرے اور محاذ آرائی کی سیاست ترک کرے۔

حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنا رویہ اور زبان تبدیل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ کی سیاست سے نہ پہلے کچھ حاصل ہوا، نہ آئندہ ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ ریاست مخالف بیانیے سے گریز کریں، کیونکہ دنیا میں تشدد اور انتشار سے کچھ منوایا نہیں جا سکتا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بین الاقوامی سطح پر بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کر رہے ہیں اور ان کی بات کو دنیا سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے بعد پاکستان دنیا کے سامنے ایک نیا اور مثبت تشخص لے کر آیا ہے، جس کے اثرات گرین پاسپورٹ کی بڑھتی ہوئی عالمی قدر میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے، اور افواج پاکستان نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا۔ ان کے مطابق بھارت کا "ایشین ٹائیگر" بننے کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا دفاع ہر چیز پر مقدم ہے، اگر دفاعی بجٹ میں اضافے کی ضرورت محسوس ہو تو اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کو رواں سال کے آخر تک الیکٹرک وہیکل (EV) بسوں کی سہولت فراہم کر دی جائے گی، جس سے شہریوں کو ماحول دوست اور جدید سفری نظام میسر آئے گا۔

مزیدخبریں