گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل: 900 پولنگ سٹیشنز حساس قرار، سیکیورٹی کے لیے 15 ہزار اہلکار میدان میں

09:41 AM, 7 Jun, 2026

گلگت:گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل انتہائی سخت سیکیورٹی میں جاری ہے، جہاں صوبے بھر کے 24 حلقوں میں ساڑھے 9 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 349 پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ 551 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتخابی عمل کو پرامن بنانے کے لیے 15 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ سیکیورٹی فرائض میں جی بی اسکاؤٹس اور رینجرز کے ساتھ ساتھ پنجاب اور سندھ پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے دفتر میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو صوبے بھر میں انتخابی عمل کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہا ہے۔یاد رہے کہ اس انتخابی دنگل میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 400 سے زائد امیدوار آمنے سامنے ہیں، جن کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آج شام تک ووٹرز بیلٹ باکس میں بند کر دیں گے۔

مزیدخبریں