چیف الیکشن کمشنر کا گلگت کے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ، انتظامات پر اطمینان کا اظہار، خواتین کا زبردست رش

11:35 AM, 7 Jun, 2026

گلگت:چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے صوبے میں جاری انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے لیے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر عابد رضا، ڈپٹی کمشنر عارف احمد، ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ کے فول پروف انتظامات اور سیکیورٹی کی صورتحال پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے تصدیق کی کہ تمام حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل اپنے مقررہ وقت پر بالکل درست طریقے سے شروع ہو گیا تھا۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "تمام پولنگ اسٹیشنز پر، اور خصوصاً خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کا زبردست رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ عوام اتنی بڑی تعداد میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے گھروں سے باہر نکلی ہے۔"
راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان کے غیور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے روشن مستقبل، علاقے کے امن اور پائیدار ترقی کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال لازمی کریں۔
انتظامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر خود فیلڈ میں رہ کر تمام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور اب تک پورے صوبے سے پولنگ کا عمل پرامن اور شفاف طریقے سے جاری رہنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

مزیدخبریں