تہران:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ایک انتہائی اہم اور تفصیلی ملاقات کی ہے، جس میں خطے میں پائیدار امن کے قیام اور پاک ایران سفارتی تعلقات پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کا سب سے اہم پہلو پاکستانی قیادت کا وہ خصوصی پیغام تھا جو وزیر داخلہ نے ایرانی قیادت تک پہنچایا۔ ایران امریکہ حالیہ جنگ اور کشیدگی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یہ چوتھا دورہِ ایران ہے، جسے سفارتی حلقوں میں غیر معمولی تزویراتی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر کے نام تحریر کردہ خصوصی اور انتہائی حساس خط ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حوالے کیا۔ اس خط میں علاقائی سلامتی، امن و امان کی صورتحال اور برادر ملک ایران کے ساتھ یکجہتی کا واضح پیغام دیا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی قسم کے تصادم کے خلاف ہے اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے۔ ملاقات میں ایران اور امریکہ کے مابین جاری بالواسطہ مذاکراتی عمل اور خطے کو مزید کسی بڑے بحران سے بچانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے مخلصانہ مصالحتی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین سرحدی انتظام، سکیورٹی انٹیلی جنس شیئرنگ اور دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی میڈیا نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس متواتر چوتھے دورے کو تہران اور اسلام آباد کے مابین گہرے سفارتی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے محسن نقوی کی ملاقات؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا سپریم لیڈر کیلئے خصوصی خط حوالے کر دیا
01:31 PM, 7 Jun, 2026