اسلام آباد:آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے نکاتی ایجنڈے پر وفاق میں اتحادی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ بجٹ تحفظات کے خاتمے کے لیے دونوں جماعتوں کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان ہونے والا ہنگامی اجلاس بغیر کسی حتمی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔
نمائندہ نیو نیوز اسلام آباد فرہاد کھوکھر کے مطابق پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ پر پائے جانے والے تعطل کو دور کرنے کے لیے دونوں اطراف سے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں بات چیت کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق، مذاکرات کا اگلا راؤنڈ اب حکومت اور اتحادی جماعت کی اعلیٰ قیادت کے درمیان متوقع ہے، جس کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد آج وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کرے گا۔ اس ملاقات میں وزیراعظم کی سربراہی میں حکومتی وفد پی پی پی قیادت کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کرے گا۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کو نئے وفاقی بجٹ میں صوبوں پر عائد اضافی ٹیکسز، سبسڈیز میں ردوبدل اور ترقیاتی بجٹ کی تقسیم سے متعلق شدید تحفظات ہیں، جن پر وہ حکومت سے ٹھوس یقین دہانی چاہتی ہے۔
بجٹ پر ن لیگ اور پی پی پی میں ڈیڈ لاک برقرار، ہنگامی اجلاس ختم؛ پیپلز پارٹی کے وفد کی آج وزیراعظم سے ملاقات متوقع
03:20 PM, 7 Jun, 2026