توشہ خانہ کیس: وارنٹ گرفتاری کے باوجود عمران خان پیش نہ ہوئے

01:21 PM, 7 Mar, 2023

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)چیئرمین عمران خان توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری کے باوجود  اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

آج سماعت کے آغاز میں عمران خان کے جونیئر وکیل سردار  مصروف خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے،  ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ عمران خان آج بھی نہیں پیش ہو رہے کیا؟ ضامن پابند ہیں کہ عمران خان عدالت پیش ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ نوازکے رہنما محسن شاہنواز  رانجھا اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

 یاد رہےتوشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے  عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کر دی۔

عمران خان کے وکلا نے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں درخواست دائر کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

درخواست گزار کے مطابق عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، 29 فروری کو عمران خان کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی اولین ترجیحات میں شامل تھی اور اعلیٰ عدالتوں کو پہلے ترجیحات دی جاتی ہیں۔

استدعا کی گئی کہ عمران خان کو صحت کے مسائل ہیں اور ڈاکٹر سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، سیشن عدالت میں عدم پیشی حالات کے باعث ہوئی، جان بوجھ کر نہیں کی گئی اس لیے ناقابلِ ضمانت وارنٹ منسوخ کر کے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ عدم حاضری پر جاری کیے تھے جبکہ اسلام آباد پولیس گزشہ روز لاہور میں ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کروانے بھی پہنچی تھی۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی کمپلیننٹ دائر کر رکھی ہے اور توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کی کمپلیننٹ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

مزیدخبریں