ریاض/راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کا اہم دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایران کے حالیہ ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال اور علاقائی امن پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے پاک ،سعودی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس معاہدے کے تحت مستقبل میں ایسے حملوں کو روکنے اور دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں واضح کیا گیا کہ بلااشتعال جارحیت علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتی ہے۔پاکستان اور سعودی عرب نے ایران سے تحمل، تدبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ خطہ مزید کسی بحران کا شکار نہ ہو۔دونوں ممالک نے اس امید کا اظہار کیا کہ برادر ملک فہم و فراست سے کام لے گا تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ سعودی عرب: علاقائی سکیورٹی اور پاک،سعودی دفاعی تعاون پر اہم مشاورت
12:36 PM, 7 Mar, 2026