’آج ایران کو عبرتناک انجام کا سامنا ہوگا‘: صدر ٹرمپ 

04:40 PM, 7 Mar, 2026

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کو انتہائی خطرناک موڑ پر پہنچاتے ہوئے ایران کو آج کے دن "انتہائی سخت" اور فیصلہ کن حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنے ایک سخت ترین پیغام میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اب ایران کے ان علاقوں اور گروہوں کو نشانہ بنایا جائے گا جنہیں اس سے پہلے کبھی نہیں چھیڑا گیا۔
امریکی صدر نے اپنے پیغام میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران نے اپنے مشرقِ وسطیٰ کے پڑوسیوں سے معافی مانگ لی ہے اور ان کے سامنے "ہتھیار ڈال" کر یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ مزید حملے نہیں کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کا یہ بدلا ہوا رویہ صرف امریکہ اور اسرائیل کے مسلسل اور بے رحم حملوں کے دباؤ کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب ایرانی قیادت کی جانب سے ملے جلے اشارے سامنے آ رہے ہیں  ایرانی صدر نے ایک ریکارڈ شدہ بیان میں کہا کہ ایران کی عبوری قیادت پڑوسی ممالک پر حملے روکنے پر تیار ہے، بشرطیکہ ان ممالک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہو۔
    پاسدارانِ انقلاب کی دھمکی: ایرانی صدر کے مصالحانہ بیان کے برعکس، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے سخت وارننگ دی ہے کہ اگر ایران پر حملے جاری رہے تو تمام امریکی اور اسرائیلی فوجی اڈے ان کے "بنیادی نشانے" پر ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان کے آخر میں انتہائی جارحانہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ’برے سلوک‘ کی وجہ سے اب اسے ایسی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا جس کا اس نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ واشنگٹن میں موجود دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی لمحے بڑی جنگ چھڑنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے1

مزیدخبریں