لاہور: پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ڈیزل کی قیمت میں 20 فیصد اضافے کے بعد ریلوے کے آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کرایوں میں ردوبدل ناگزیر ہو گیا تھا۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق مختلف کلاسز کے لیے اضافے کی شرح درج ذیل ہے۔ اکانومی کلاس، کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اے سی کلاسز،آرام دہ کیٹیگریز (AC Business, Standard وغیرہ) کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی مال گاڑیوں کے کرایوں میں 20 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
محکمہ ریلویز کے مطابق نئے کرایوں کا باقاعدہ اطلاق 9 مارچ سے ہوگا۔ تاہم، وہ مسافر جو اس تاریخ سے قبل اپنی بکنگ کروا چکے ہیں، ان سے اضافی کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا اور پرانی بکنگ پرانے نرخوں پر ہی برقرار رہے گی۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ اگرچہ ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے، لیکن عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات کا ایک بڑا حصہ پاکستان ریلویز خود برداشت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے پہیے کو رواں رکھنے کے لیے یہ معمولی اضافہ ضروری تھا۔
ڈیزل مہنگا ہونے کا اثر: پاکستان ریلویز نے ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا
06:37 PM, 7 Mar, 2026