بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر میزائل حملہ، 3 شہری شہید، 12 زخمی

02:25 AM, 7 May, 2025

راولپنڈی : بھارت نے پاکستان کے تین مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پاک فوج نے فوری طور پر جوابی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج نے اپنی حدود سے پاکستان کے اندر تین مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں احمد پور شرقیہ (ضلع بہاولپور)، مظفرآباد اور کوٹلی (آزاد کشمیر) شامل ہیں۔

بہاولپور میں چار زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ مظفرآباد اور نواحی علاقوں میں بھی دھماکوں کے بعد شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور مکمل بلیک آؤٹ ہو گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینا شروع کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور زمینی و فضائی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو جلد مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

مزیدخبریں