پاک فوج کی جوابی کارروائی، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی

09:05 AM, 7 May, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  لائن آف کنٹرول (LoC) پر کشیدگی میں اس وقت شدت آ گئی جب بھارتی فوج نے آزاد جموں و کشمیر کے چورا کمپلیکس پر حملے کے بعد پسپائی اختیار کرتے ہوئے سفید جھنڈا لہرا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ اقدام بھارت کی جانب سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے گزشتہ رات چورا سیکٹر میں بزدلانہ حملے کیے، جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم، پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی متعدد پوسٹوں کو تباہ کر دیا اور زمینی و فضائی محاذ پر نمایاں برتری حاصل کی۔

پاک فوج کی کامیاب کارروائی میں بھارت کے پانچ جنگی طیارے – تین رافیل، ایک سوخوئی-30 اور ایک میگ-29 – مار گرائے گئے، جبکہ ایک ڈرون بھی تباہ کر دیا گیا۔ ان کارروائیوں سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔

بھارتی میڈیا نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں اس کے کئی طیارے تباہ ہوئے ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کو "کھلی جارحیت اور جنگی اقدام" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو خطے کے امن کو داؤ پر لگانے سے روکا جائے۔ دوسری جانب، اقوام متحدہ، چین اور امریکہ نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔

لائن آف کنٹرول پر صورت حال بدستور کشیدہ ہے اور دونوں ممالک کی افواج ہائی الرٹ پر ہیں۔ دفاعی ماہرین اس بحران کو 2019 کے بالاکوٹ واقعے کے بعد سب سے سنگین قرار دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں