پیرس: پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے تین رافیل طیاروں سمیت پانچ جنگی طیارے مار گرائے جانے کے بعد فرانسیسی کمپنی ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی سٹاک مارکیٹ میں ڈیسالٹ ایوی ایشن کے حصص کی قیمت میں 1.64 فیصد کمی دیکھی گئی، جسے ماہرین بھارتی فضائیہ کی جانب سے رافیل طیاروں کے ناقص کارکردگی سے جوڑ رہے ہیں۔
رافیل طیارے دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں میں شمار کیے جاتے ہیں، جو بھارتی فضائیہ کے بیڑے کا اہم حصہ ہیں۔ تاہم پاکستان کے ہاتھوں ان کی تباہی نے ان کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت میں سوشل میڈیا اور دفاعی حلقوں میں اس ناکامی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے حال ہی میں فرانس سے مزید 26 رافیل ایم طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا، مگر اب دفاعی تجزیہ کاروں کی جانب سے بھارت کی دفاعی پالیسی اور مہنگے جنگی سازوسامان کی افادیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ پانچ دنوں میں ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز میں 3.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا، جو اب اچانک نیچے آ گئے ہیں۔