قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ختم ، آئندہ لائحہ عمل پر غور ، وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے

01:12 PM, 7 May, 2025

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے گزشتہ رات کی گئی فضائی جارحیت کے بعد ملک کی اعلیٰ قیادت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا، جس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف نے کی۔ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران شرکاء کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، بھارتی جارحیت کی نوعیت، پاک فوج کے بروقت اور مؤثر جوابی اقدام، اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے ممکنہ نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا اور آئندہ کی کسی بھی ممکنہ کارروائی سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر تیاری مکمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، عالمی برادری کو بھی بھارتی مہم جوئی سے متعلق اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی قیادت نے پاک افواج کے ردعمل کو سراہا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں