بھارتی اخبار’دی ہندو‘ نے پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائی کی خبر ویب سائٹ سے ہٹا دی، سوشل میڈیا پوسٹ بھی غائب

03:51 PM, 7 May, 2025

نئی دہلی : بھارتی انگریزی اخبار ’دی ہندو‘ نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی فضائیہ کی جوابی کارروائی سے متعلق شائع کی گئی خبر اچانک ویب سائٹ سے ہٹا دی، جبکہ اسی حوالے سے ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر کی گئی پوسٹ بھی ڈیلیٹ کر دی گئی۔

ابتدائی طور پر اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے تین جنگی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد یہ خبر ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی اور لنک کلک کرنے پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ بعدازاں سوشل میڈیا پر موجود پوسٹ بھی خاموشی سے ڈیلیٹ کر دی گئی، جس سے بھارتی میڈیا پر سرکاری دباؤ کا تاثر مزید واضح ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ طیارے گزشتہ رات پاکستان پر کیے گئے بھارتی حملوں کے بعد، پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں مار گرائے گئے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 29، ایک سخوئی اور ایک جاسوس ڈرون شامل تھے، جب کہ ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

پاکستانی عسکری ذرائع اور میڈیا نے ان کامیاب کارروائیوں کی تفصیلات کھلے انداز میں قوم کے ساتھ شیئر کیں، جبکہ دوسری جانب بھارتی میڈیا کی اکثریت نے حکومتی بیانیہ دہرا کر اصل صورتِ حال چھپانے کی کوشش کی۔

مزیدخبریں