پاکستان میں "ایکس" (ٹوئٹر) کی سروس جزوی طور پر بحال

04:39 PM, 7 May, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  پاکستان میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے معروف تھی) کی سروس دوبارہ جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ صارفین اب بغیر وی پی این کے اس پلیٹ فارم کو استعمال کر رہے ہیں، جو کہ گزشتہ ایک سال سے بند تھا۔

یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر میزائل حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیاسی ماحول میں شدید تناؤ کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ فروری 2024 میں حکومت پاکستان نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات اور حساس مواد کو روکنے کے لیے ایکس پر پابندی عائد کر دی تھی، اور حکومتی موقف کے مطابق یہ قدم قومی سلامتی کے تحفظ اور جھوٹی اطلاعات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا تھا۔

تاہم، اس پابندی کے خلاف انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں، طلبہ، اور مختلف تنظیموں نے شدید اعتراضات اٹھائے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام آزادیِ اظہار رائے پر قدغن ہے اور اس سے معاشرتی و سیاسی بحث پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس پابندی کے خلاف متعدد پٹیشنز عدالتوں میں دائر کی گئیں، اور بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان میں انٹرنیٹ کی آزادی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اب 7 مئی 2025 کو ایکس کی سروس دوبارہ پاکستان میں بحال کی گئی ہے، اور صارفین کو بغیر وی پی این کے اس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں