دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا: وزیراعظم شہباز شریف

05:58 PM, 7 May, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ماضی کی طرح اس بار بھی رات کے اندھیرے میں حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن بہادر افواج پاکستان نے اس تاریک رات کو چاندنی رات میں بدل دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم یکجہتی کے ساتھ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جنہوں نے بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے ناجائز قبضہ جما رکھا ہے اور اب دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، اور ہمیشہ کی طرح بھارت کا الزام جھوٹا ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ شب بھارتی حملے میں کئی پاکستانی شہید ہوئے، جبکہ بلوچستان میں ٹرین پر حملے کے شواہد بھی بھارت سے جڑتے ہیں، لیکن افسوس کہ بھارت نے اس پر افسوس تک ظاہر نہیں کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاکول اکیڈمی میں واضح الفاظ میں کہا گیا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ پاک افواج 24 گھنٹے چوکنا رہتی ہیں، اور جب بھارتی جہاز فضا میں بلند ہوئے تو ہمارے پائلٹس نے انہیں لاک کر لیا، جس کے بعد وہ خوفزدہ ہو کر واپس سری نگر جا کر لینڈ کر گئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی حملے میں 80 کے قریب جنگی طیارے شامل تھے، لیکن پاکستان نے صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے صرف دفاع کیا، حالانکہ 10 طیارے گرائے جا سکتے تھے۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اتفاق و اتحاد کا ہے، نہ کہ سیاسی اختلافات کا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن کے چیمبر میں جانے کو تیار ہیں تاکہ ملکی مفاد میں مل بیٹھ کر فیصلے کیے جا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دشمن کو ہماری طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے، اور گزشتہ رات وہ سکون کی نیند نہیں سو سکے ہوں گے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ یہ وقت داخلی انتشار نہیں، بلکہ قومی یکجہتی کا ہے۔

مزیدخبریں