اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر کسی بھی جنگ یا جارحیت سے نہیں رکے گا۔ بھارتی حملے کے باوجود ملک کا اقتصادی ایجنڈا اپنی پوری توانائی کے ساتھ جاری رہے گا۔
انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ نے جس تیزی، جرات اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت جواب دیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی طیارے صرف مشینیں نہیں بلکہ قومی غیرت اور دفاع کی علامت ہیں، اور جس قوم کو اپنی سرزمین کے تحفظ کا ہنر آتا ہو، اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرا کر واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان ہر جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی کارروائی نے دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ ہمارا دفاع مضبوط اور مستحکم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے قبل کئی بار سوچنا ہوگا۔
تاہم، احسن اقبال نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان کی اصل جنگ معاشی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی سلامتی کا دار و مدار صرف عسکری طاقت پر نہیں بلکہ اقتصادی مضبوطی پر ہے۔ اگر ہم ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان چاہتے ہیں تو ہمیں معمول کی پرانی سوچ سے نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جدید دنیا مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی پر استوار ہے، اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ خود کو اس عالمی رفتار کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔