راولپنڈی: ترجمان پاک فوج (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے بھارت کے حالیہ الزامات اور جارحانہ عزائم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو میدانِ جنگ میں دھول چٹا دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا ڈرامہ اب ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مئی کے مہینے میں "مغرور دشمن" کو مکمل اور فیصلہ کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی افواج نے عددی لحاظ سے بڑے دشمن کے غرور کو مٹی میں ملا کر ثابت کیا کہ دفاعِ وطن کے لیے جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں سب سے اہم ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا بھارت نے پہلگام کے واقعے کے چند ہی دیر بعد روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الزام پاکستان پر لگا دیا۔
بھارتی ایجنسیاں ان دہشت گردوں کا سراغ لگانے میں ناکام رہیں جو گھنٹوں ان کے اپنے علاقے میں آزادانہ گھومتے پھرتے رہے۔ بھارت اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے۔ پروپیگنڈے کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی.
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت کی جانب سے بار بار رچائے جانے والے "فالس فلیگ آپریشنز" اب عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (DG ISPR) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی جارحیت اور منفی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کا سفیر ہے جبکہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اپنے ملک میں خود دہشت گردی کرا کر اس کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا عادی ہو چکا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی پروفیشنل آرمی اب سیاست زدہ ہو چکی ہے اور وہاں کے سیاستدان، سیاستدان کم اور جنگجو زیادہ لگتے ہیں۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ "کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، ہم دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلے بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں، کسی کو شک ہے تو سامنے آ کر دیکھ لے، ابھی ہم نے صرف ٹریلر دکھایا ہے"۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دو نیوکلیئر ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، یہ محض پاگل پن ہے۔ انہوں نے بھارتی ایئر چیف کے دعووں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایئر چیف کو کئی ماہ بعد خیال آیا کہ انہوں نے بھی کوئی جہاز گرایا تھا۔ انہوں نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ "یہ سندور سے باہر کیوں نہیں نکلتے؟ سندور تو خواتین کو لگایا جاتا ہے"۔
کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر اور منی پور میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کو "غیر فطری اور ناپاک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ خارجیوں کا فتنہ اسلام کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ "کفار کے ساتھ معاہدے کرنا کون سا اسلام ہے؟"۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ریاست ان کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔