گلگت:وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ اہم دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے متعدد بڑے منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
گلگت پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر سید مہدی شاہ اور نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی انتظامی صورتحال، امن و امان کی فضا اور وفاق کے زیرِ انتظام جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وزیراعظم اپنے دورے کے دوران گلگت بلتستان کے لیے جدید سہولیات سے لیس منصوبوں کا افتتاح کریں گے، جن میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے شمسی توانائی کے گرڈز کا قیام، سیف سٹی پروجیکٹ: شہریوں کے تحفظ اور نگرانی کے لیے جدید ترین سیف سٹی سسٹم کا آغاز، خطے کے ہونہار طلبہ کو تعلیمی میدان میں بااختیار بنانے کے لیے لیپ ٹاپ کی تقسیم شامل ہے۔
وزیراعظم کے دورے کا اہم ترین پہلو گلگت بلتستان میں 4 جدید دانش سکولوں کا سنگِ بنیاد رکھنا ہے، جس کا مقصد دور دراز علاقوں کے غریب اور یتیم بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار اویس لغاری، عطاء تارڑ، امیر مقام، عبدالعلیم خان، خالد مقبول صدیقی اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ بھی موجود ہیں۔ وفد کی موجودگی کا مقصد مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی پیکجز کو فوری طور پر حتمی شکل دینا ہے۔
وزیراعظم کا دورۂ گلگت بلتستان: اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی نوید، 4 دانش سکولوں کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا
10:25 AM, 7 May, 2026