لاہور :پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب نے صوبے میں مئی، جون اور جولائی کے دوران معمول سے زائد بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے تاکہ قبل از وقت حفاظتی انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، موسمیاتی ماڈلز مئی سے جولائی کے دوران شمالی اور شمال مغربی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ ان علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس کے لیے واسا (WASA) اور میونسپل کمیٹیوں کو نکاسیِ آب کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہاں شمالی پنجاب میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے، وہی مشرقی پنجاب میں بارشیں معمول سے قدرے کم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم، ترجمان نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کسی بھی وقت غیر متوقع موسمی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، لہٰذا تمام اضلاع کو ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی افسران کو مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے ڈی واٹرنگ سیٹس کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ برساتی نالوں اور ندیوں کی صفائی کا کام فوری مکمل کیا جائے۔ شہریوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔انتظامیہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
پنجاب میں غیر معمولی بارشوں کا الرٹ: پی ڈی ایم اے نے مئی تا جولائی شدید موسم کی پیشگوئی کر دی
12:35 PM, 7 May, 2026