اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ کے دوران بھارت نے اپنی مکمل تباہی کو یقینی دیکھ کر سفید جھنڈا لہرا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اس قدر خوفزدہ تھا کہ اس نے جنگ رکوانے کے لیے امریکہ کے سامنے ترلے اور منتیں کیں، اور بھارتی حکام مسلسل امریکی انتظامیہ کو فون کر کے جان بخشی کی اپیلیں کرتے رہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاک فضائیہ اور عسکری قوت کی دھاک دشمن کے دلوں پر بیٹھ چکی تھی؛ ہمارے ڈرون کئی گھنٹوں تک بھارتی شہروں کے اوپر منڈلاتے رہے اور بھارت کے تمام کلیدی فوجی اہداف ہمارے نشانے پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو بخوبی علم تھا کہ پاکستان اس کا دفاعی نظام ملیامیٹ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اسی لیے وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس معرکے میں اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد بار بار پاکستان کے شاملِ حال رہی۔ انہوں نے ایک اہم حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے پاکستان پر 16 میزائل فائر کیے تھے، لیکن حیرت انگیز طور پر ان میں سے صرف ایک میزائل نشانے پر لگ سکا، جبکہ باقی تمام حملے ناکام ثابت ہوئے۔
ملکی استحکام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے دوٹوک پیغام دیا کہ جو بھی ملکی ترقی اور امن کے لیے دو قدم آگے بڑھے گا، ہم اس کے لیے چار قدم آگے بڑھیں گے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں کسی کو بھی دنگا فساد، انتشار یا افراتفری پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بھارت نے تباہی کے ڈر سے گھٹنے ٹیک دیے، جنگ رکوانے کے لیے امریکہ کی منت سماجت کی: محسن نقوی
12:54 PM, 7 May, 2026