بھارت آج تک حیران ہے کہ اس کے ساتھ ہوا کیا، پاک فضائیہ نے دشمن کو لاچار کر دیا: ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف

03:35 PM, 7 May, 2026

اسلام آباد :ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف نے پاک فضائیہ کی حالیہ عسکری کامیابیوں اور آپریشنل برتری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت آج تک یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر اس کے ساتھ ہوا کیا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مئی کے معرکوں کے دوران پاکستان ایئر فورس (PAF) نے تاریخ میں پہلی بار ’ملٹی ڈومین آپریشنز‘ کو کامیابی سے مربوط (Integrate) کیا، جس نے دشمن کے ہوش اڑا دیے۔
ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹرائی سروس پلانز (بری، بحری اور فضائی افواج کا مشترکہ منصوبہ) کی ایسی گائیڈنس طے کی جس نے دشمن کی ہر چال کو ناکام بنا دیا۔ پاک فضائیہ دشمن کی ہر چھوٹی بڑی سرگرمی کو مسلسل نوٹ کر رہی تھی اور ہماری سرحدوں پر اس قدر مضبوط ’سیف گارڈ‘ رکھا گیا تھا کہ دشمن ہماری حدود کے قریب آنے کی ہمت بھی نہ کر سکا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج کی مشترکہ حکمتِ عملی نے بھارت کو اس حد تک لاچار کر دیا تھا کہ اسے اپنی فورسز کو مکمل طور پر ’ری الائن‘ (دوبارہ ترتیب) کرنا پڑا۔ بھارت کو اپنی دفاعی صفوں میں بڑی تبدیلیاں کرنی پڑیں کیونکہ اس کا پرانا جنگی ڈاکٹرائن پاکستانی شاہینوں کی برق رفتار کارروائیوں کے سامنے ڈھیر ہو چکا تھا۔
ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف نے واضح کیا کہ پاکستان کا فضائی دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور پاک فضائیہ ہر لمحہ ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہترین پیشہ ورانہ تربیت کی بدولت ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو صرف عبرتناک شکست ہی ملے گی۔

مزیدخبریں