اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام قطر کے امیر کے جلد دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں، جبکہ انہوں نے اس دورے کو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قطر کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔