گوگل کا اے آئی اوور ویو فیچر مزید بہتر بنانے کا اعلان

11:59 PM, 7 May, 2026

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے سرچ انجن میں موجود اے آئی اوور ویو فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب صارفین کو معلومات کے ذرائع بھی واضح طور پر دکھائے جائیں گے۔

کمپنی کے مطابق ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل سرچ اوور ویو کے نظام میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین یہ جان سکیں کہ پیش کی جانے والی معلومات کن ویب سائٹس اور ذرائع سے لی گئی ہیں، جبکہ انہیں مزید تفصیل کے لیے متعلقہ ویب سائٹس تک براہ راست رسائی بھی دی جائے گی۔

نئی تبدیلی کے تحت اے آئی اوور ویو میں آن لائن فورمز جیسے ریڈیٹ سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر موجود صارفین کے تجربات اور آراء بھی شامل کی جائیں گی، تاکہ لوگوں کو حقیقی تجربات کی بنیاد پر معلومات حاصل ہو سکیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو وہ معلومات فراہم کرنا ہے جو پہلے ہی مختلف افراد آزما چکے ہیں، تاہم کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کسی بھی معلومات پر مکمل انحصار کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہے۔

مزید یہ کہ سرچ کے دوران صارفین کو متعلقہ موضوع سے جڑے اضافی لنکس اور تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی، چاہے وہ براہ راست تلاش کا حصہ نہ ہوں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف شہروں میں سبز مقامات کے حوالے سے سرچ کرے تو اسے مختلف شہروں کی مثالیں اور اقدامات بھی دکھائے جائیں گے۔

صارفین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کسی بھی فہرست یا معلومات کے مختلف حصے کن ویب سائٹس سے حاصل کیے گئے ہیں، جس سے شفافیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گوگل نے پرسنلائزڈ انٹیلی جنس فیچر بھی متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد صارفین کی دلچسپیوں اور ترجیحات کے مطابق زیادہ موزوں سرچ نتائج فراہم کرنا ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں