لاہور : پاکستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد، مری، گلیات، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسم سرد رہے گا، تاہم میدانی علاقوں میں اسموگ کے امکانات بھی ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد، لوئر دیر، کالام، مالم جبہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد اور مظفرآباد میں بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ان علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 03، سکردو میں منفی 01 اور بابوسر میں 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس موسم کے دوران عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر اسموگ اور سردی کے اثرات سے بچنے کے لیے۔