لاہور : پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب نے صوبے بھر میں جاری بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک اضافے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ستلج اور راوی میں نچلے درجے کے سیلاب کی اطلاع ہے، جب کہ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اور دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے، جس سے نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر آئندہ 24 گھنٹوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
ادھر ضلع بہاولپور میں شدید سیلاب کے بعد تباہی کے مناظر باقی رہ گئے ہیں۔ سیلابی ریلوں سے ہزاروں مکانات تباہ ہو چکے ہیں جب کہ لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر برباد ہو گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں اب مچھروں کی بہتات کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں بھی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے، تاہم متعدد نشیبی بستیاں تاحال پانی کی لپیٹ میں ہیں۔ متعلقہ ادارے علاقے کو صاف کرنے اور نکاسی آب کے عمل کو تیز کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
مزید برآں، نوراجہ بھٹہ بند میں پڑنے والے تمام 7 شگاف مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں، تاہم سیلابی صورتحال کے باعث موٹر وے ایم 5 تاحال بند ہے۔ حکام کے مطابق موٹر وے کا 23 کلومیٹر طویل ٹریک 13 سے زائد مقامات پر شدید متاثر ہوا ہے۔ مرمت کا کام جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، جب کہ متبادل راستوں سے ٹریفک کو رواں دواں رکھا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ دریائی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں، ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔