اسلام آباد : ترجمان سپارکو نے بتایا ہے کہ آج رات پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں سال کا پہلا 'سپر مون' دیکھا جائے گا۔ اس دوران چاند زمین سے تقریباً دو لاکھ چوبیس ہزار میل کے فاصلے پر ہوگا، جو ایک عام مکمل چاند سے تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
سپر مون سورج کے غروب ہوتے ہی مشرق کی سمت طلوع ہوگا اور طلوعِ آفتاب سے پہلے مغرب میں غروب ہو جائے گا، جسے پاکستانی آسمان پر بھی بخوبی دیکھا جا سکے گا۔
سپارکو کے مطابق اس سال مزید دو سپر مون نظر آئیں گے، جن میں سب سے روشن سپر مون 5 نومبر 2025 کو ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون 5 دسمبر کو نظر آئے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند اپنی مدار میں زمین کے سب سے قریب ترین مقام پر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ عام چاند کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، اس لیے اسے 'سپر مون' کہا جاتا ہے۔