اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جب کہ راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، نارروال اور وزیرآباد میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اور آزاد کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جس کی وجہ سے اگلے 24 گھنٹوں میں درمیانے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔ اس پیش رفت کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔