شلپا شیٹی سے 60 کروڑ روپے کے مبینہ مالیاتی فراڈ کیس میں ممبئی پولیس کی تفتیش

09:11 PM, 7 Oct, 2025

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی سے ممبئی پولیس کی اکنامک آفینس وِنگ نے 60 کروڑ روپے کے مبینہ مالیاتی اسکینڈل کے سلسلے میں 4 سے 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، شلپا شیٹی پر الزام ہے کہ وہ اپنے شوہر راج کنڈرا کے اس کاروباری منصوبے میں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر شامل رہی ہیں، جسے سرمایہ کاری کے نام پر متعدد افراد سے بڑی رقوم وصول کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق، اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے وعدے کیے گئے، مگر بعد میں سرمایہ کاروں کو نقصان اٹھانا پڑا، جس پر متعدد متاثرین نے پولیس سے رجوع کیا۔

تحقیقات کے دوران شلپا شیٹی سے ان کی کمپنیوں کے مالی لین دین، سرمایہ کاری معاہدوں اور ان کے کردار کے حوالے سے تفصیل سے سوالات کیے گئے۔ پولیس نے اداکارہ کا بیان قلمبند کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس آئندہ دنوں میں راج کنڈرا کو بھی دوبارہ طلب کر سکتی ہے تاکہ معاملے کے مزید پہلوؤں کو واضح کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ راج کنڈرا کسی قانونی تنازع میں ملوث پائے گئے ہوں۔ اس سے قبل وہ فحش مواد کے ایک کیس میں گرفتار ہو چکے ہیں اور انہیں عدالتی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

فی الوقت ممبئی پولیس اس کیس کی مزید چھان بین کر رہی ہے، اور شلپا شیٹی کے خلاف براہِ راست قانونی کارروائی عمل میں لانے کے بارے میں حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں