مہمند میں ماربل کی کان بیٹھ گئی، 8 مزدور جاں بحق

مہمند میں ماربل کی کان بیٹھ گئی، 8 مزدور جاں بحق
کیپشن: چھ مزدوروں کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں ماربلز کی کان بیٹھ گئی جس کے باعث 8 مزدور دب کر جاں بحق ہو گئے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب کے مطابق ماربل کی کان بیٹھنے کا واقعہ تحصیل صافی میں پیش آیا جہاں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملبے سے 8 مزدوروں کی لاشیں اور 6 کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر افتخار عالم کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید اموات کا خدشہ ہے اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے امدادی کارروائیوں کے لیے ہیوی مشینری طلب کر لی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق پشاور اور چارسدہ سے ریسکیو کے اضافی اہلکار ضلع مہمند پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سرچ اینڈ ریسکیو آلات کے ساتھ ہیوی مشینری اور ایمبولینسز کی مدد سے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اندھیرے میں ہیوی سرچ لائٹس کی مدد سے آپریشن کیا جا رہا ہے۔