لاہور:صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سے بادل چھائے رہے اور وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔
لاہور کے علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، کینال روڈ، مال روڈ، ایم اے او کالج، چوبرجی، مزنگ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، جیل روڈ اور گارڈن ٹاؤن سمیت کئی مقامات پر بارش ہوئی، جس سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک کے علاقوں میں بادل برسنے سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، ساہیوال، خانیوال، ڈی جی خان، سرگودھا، پاکپتن، کوٹ ادو، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔
ادھر کراچی میں بھی موسم نے کروٹ لی ہے، اور آج شام سے بارش شروع ہونے کا امکان ہے، جو جمعرات تک جاری رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
خیبرپختونخوا کے شمالی اور وسطی علاقوں کوہستان، دیر، سوات، چترال، کرم، پشاور، خیبر، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل اس وقت جاری ہے، جو 9 ستمبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔