اسلام آباد : سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور بیشتر علاقوں میں فیڈرز اور گرڈ سٹیشنز کو مکمل یا جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق مختلف پاور کمپنیوں کے زیر انتظام متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے اور اس پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
فیسکو کے تحت 27 گرڈ اور 80 فیڈرز متاثر ہوئے تھے جن میں سے 15 مکمل اور 61 فیڈرز عارضی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ اسی طرح، گیپکو کے 11 گرڈز اور 103 فیڈرز میں سے 86 مکمل اور 17 جزوی بحال کیے گئے ہیں۔ لیسکو کے علاقوں میں 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 57 مکمل اور 10 جزوی بحال ہو چکے ہیں، جبکہ شیخوپورہ میں بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
میپکو کے زیر انتظام علاقوں میں 151 فیڈرز عارضی طور پر بحال کیے گئے ہیں اور پانی کے کم ہوتے ہی مکمل بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔ پیسکو کے علاقوں میں 12 گرڈز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 86 مکمل اور 5 جزوی بحال ہو چکے ہیں۔ ٹیسکو کے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 18 متاثرہ فیڈرز میں سے 7 مکمل اور 9 عارضی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔
ہیزیکو کے مانسہرہ علاقے میں تین فیڈرز مکمل بحال ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں 50 گرڈز اور 513 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 254 مکمل اور 253 عارضی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔