ٹِک ٹاک کا نیا فیچر: اب فلموں کے ٹکٹ براہِ راست ایپ سے خریدیں

05:24 PM, 7 Sep, 2025

کیلیفورنیا:شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹِک ٹاک نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین اب ایپ کے ذریعے براہِ راست فلموں کے ٹکٹ خرید سکیں گے۔ یہ فیچر معروف آن لائن ٹکٹنگ پلیٹ فارم ’فینڈینگو‘ کے اشتراک سے پیش کیا گیا ہے اور اسے "ٹِک ٹاک اسپاٹ لائٹ" کے تحت چلایا جا رہا ہے۔

فیچر کا آغاز ڈزنی کی آنے والی فلم ’TRON: Ares‘ سے کیا گیا ہے، جو 10 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم سے متعلقہ ویڈیوز دیکھنے والے صارفین کو اب ’Get Tickets‘ کا بٹن نظر آئے گا، جس پر کلک کرنے سے وہ فینڈینگو کی ویب سائٹ پر جا کر ٹکٹ خرید سکیں گے۔

یہ سہولت خاص طور پر #FilmTok اور #MovieTok جیسی کمیونٹیز کے لیے مفید ہوگی جو فلمی مواد تخلیق اور شیئر کرتی ہیں۔

ٹِک ٹاک کے مطابق، امریکا میں تقریباً 50 فیصد صارفین نے ایپ کے ذریعے نئی فلموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جن میں سے 36 فیصد نے بعد ازاں ٹکٹ بھی خریدے۔ یہ فیچر فلموں کی دریافت سے لے کر ٹکٹ خریدنے تک کے عمل کو آسان اور تیز بناتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف ٹِک ٹاک کی ای کامرس صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ اسے تفریحی اور تجارتی پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم بھی کرے گا۔ مستقبل میں اس فیچر میں مزید خریداری کے آپشنز شامل کیے جانے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں