وزیراعظم کا سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم

08:39 PM, 7 Sep, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد، خصوصاً نقل مکانی کرنے والوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، حالانکہ عالمی حدت پیدا کرنے والی مضر گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ موسمیاتی اثرات سے بچاؤ اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے حکومت جامع منصوبہ بندی پر عمل کر رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی وارننگ سسٹمز، پائیدار انفرااسٹرکچر اور انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا، وزیراعظم نے جلالپور پیروالا میں کشتی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

مزیدخبریں