اسلام آباد کے نئے انتظامی ڈھانچے کا مجوزہ نقشہ وزیراعظم کو پیش، 27 رکنی اسمبلی کی سفارش

10:20 AM, 7 Sep, 2026

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے کا نیا مجوزہ نقشہ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے لیے 27 رکنی اسمبلی، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ اسمبلی کے 21 ارکان براہِ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کیے جانے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ نظام کے تحت اسلام آباد کا اپنا چیف ایگزیکٹو ہوگا، جو منتخب اسمبلی کو جواب دہ ہوگا۔ صحت، تعلیم، ماحولیات اور شہری سہولیات سمیت متعدد انتظامی شعبے مقامی حکومت کے ماتحت کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 مجوزہ انتظامی ڈھانچے میں وفاقی دارالحکومت کی منتخب حکومت کو وسیع اختیارات دینے کے ساتھ ساتھ موجودہ اداروں کے اختیارات اور فرائض کی ازسرنو تقسیم کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق امن و امان اور ماسٹر پلاننگ جیسے بعض اہم معاملات وفاق کے پاس برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔

 مجوزہ نظام پر حتمی فیصلہ اور اس کے نفاذ کے لیے ضروری قانون سازی وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کی جائے گی۔

مزیدخبریں