لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ایک بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی، ملک اس وقت انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کو عظیم کامیابی حاصل ہوئی، بہادر مسلح افواج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز نے اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو ابتر قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہی اور صوبے کے وسائل انتشاری سیاست کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خیبرپختونخوا میں بھی امن کی خواہاں ہیں۔ ان کے مطابق مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ امن و امان قائم کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان سے پختونوں کی توہین کیسے ہوگئی؟ پختونوں کی توہین تو اس وقت ہوتی جب انہیں تعلیم کے بنیادی حق سے محروم رکھا جاتا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے دندناتے پھر رہے ہیں۔