اسلام آباد(توصیف عباسی ) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی۔ گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6 ارب 60 کروڑ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کابینہ ڈویژن نے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 12 ارب 60 کروڑ روپے طلب کیے تھے۔ ای سی سی نے 30 گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے مزید گاڑیوں کی ضرورت کا جامع تجزیہ کرنے کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے تمباکو کی فصل کی کم از کم امدادی قیمت اور سیس ریٹس کا معاملہ مؤخر کردیا۔ وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی سے تمباکو کی قیمت اور سیس ریٹس کے حوالے سے مزید قابلِ جواز تجزیہ طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی تجویز بھی منظور کرلی گئی۔ ای سی سی نے برآمد کے لیے مطلوبہ حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کمیٹی نے فیٹما فرٹ اور ایگری ٹیک کو 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے دانش اسکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے 5 ارب روپے کے سیڈ منی کی بھی منظوری دی، جو اینڈومنٹ فریم ورک کے تحت رکھے جائیں گے۔
اجلاس میں پاکستان سکلز امپیکٹ بانڈ کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزارتِ تعلیم کو 30 ستمبر تک منصوبے پر ٹھوس پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔