نیتن یاہو اور ٹرمپ کی ملاقات، غزہ، شام اور تجارتی مسائل پر بات چیت

09:14 AM, 8 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں کئی اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں امریکا کی جانب سے لگائے گئے سخت تجارتی ٹیرف، غزہ کی صورتحال، شام کے حالات اور ایران کے ساتھ تعلقات پر بات کی گئی۔

نیتن یاہو نے امریکی صدر سے براہِ راست بات کرتے ہوئے اسرائیل پر لگائے گئے 17 فیصد ٹیرف کو مسئلہ بنایا اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ٹرمپ نے اسرائیل کو اس ٹیرف سے استثنیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اسرائیل کے ساتھ بڑے تجارتی خسارے کا سامنا ہے اور اس حوالے سے کئی ممالک سے بات چیت جاری ہے۔

ملاقات کے دوران ٹرمپ نے غزہ کے تنازعہ پر کہا کہ وہاں جنگ رکنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کے معاملے پر بات چیت جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بات چیت کامیاب نہ ہوئی تو ایران کو سنگین خطرات کا سامنا ہوگا۔

دوسری طرف، نیتن یاہو نے اس ملاقات میں شام اور ترکی کے حوالے سے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ غزہ کے مسئلے پر مزید معاہدے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ فلسطینیوں کو کسی بھی جگہ جانے کا حق مل سکے۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے کئی پیچیدہ عالمی مسائل پر کھل کر گفتگو کی گئی، جس سے عالمی اقتصادی اور سیاسی حالات پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے ٹیرف کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بدترین مندی دیکھی گئی ہے، اور امریکی کساد بازاری کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ اس دوران، صدر ٹرمپ نے امریکی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ گھبرائیں نہیں اور حالات کے بارے میں صبر و حوصلے سے کام لیں۔

مزیدخبریں