کراچی میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز

10:37 AM, 8 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہو گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران ضروری امتحانی سامان کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے، جس کے تحت بورڈ کے افسران امتحانی پرچے حب سینٹرز تک پہنچا رہے ہیں۔ سینٹر کنٹرول افسران ان پرچوں کو متعلقہ امتحانی مراکز تک پہنچائیں گے اور یہ افسران پورے امتحان کے دوران سینٹرز میں موجود رہیں گے۔

ان امتحانات میں 3 لاکھ 75 ہزار طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں، جن کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں سے 256 طلبہ کے لیے اور 243 طالبات کے لیے مخصوص ہیں، اور یہ مراکز شہر کے مختلف 18 ٹاؤنز میں واقع ہیں۔ امتحانات کے دوران طلبہ و طالبات کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ موبائل فون ساتھ نہ لائیں، کیونکہ خلاف ورزی کی صورت میں موبائل فون ضبط کر لیا جائے گا۔

تعلیمی بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھے گئے ہیں اور بیرونی مداخلت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ امتحان کے دوران فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بورڈ نے امتحانات کی نگرانی کے لیے رپورٹنگ سیل قائم کیا ہے اور نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ بورڈ کے عملے کی جانب سے امتحانات کی مکمل نگرانی کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کر کے رپورٹنگ سیل میں جمع کرائی جائے گی۔ مزید برآں، بورڈ نے لوڈشیڈنگ سے بچنے کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے تحریری درخواست بھی کی ہے۔

تاہم بورڈ آفس کی جانب سے آن لائن ایڈمٹ کارڈ اور امتحانی مراکز کی فہرست جاری کی گئی ہے، اور ویجیلنس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی۔

مزیدخبریں