کراچی: سندھ حکومت نے ہیوی ٹرانسپورٹ کی رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی

05:53 PM, 8 Apr, 2025

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ڈرائیورز کے لیے رینڈم ڈرگ ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

یہ فیصلے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، میئر کراچی، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ٹریکر اور ڈیش کیم کی تنصیب بھی ضروری ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ "تمام گاڑیوں میں انڈر رن پروٹیکشن ڈیوائسز کی تنصیب لازمی ہوگی اور لیک کرتے یا بفل پلیٹس کے بغیر واٹر ٹینکرز کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔" مزید برآں، فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا اور دوبارہ اجازت محکمہ ٹرانسپورٹ سے مشروط کی جائے گی۔

اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریفک کی بہتر نگرانی کے لیے ای ٹکٹنگ کا خودکار نظام متعارف کرانے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں