اسلام آباد: پاکستان کی انتھک سفارتی کوششوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ریاستہائے متحدہ امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے تمام اتحادیوں کے ہمراہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو کہ فی الفور نافذ العمل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی پیش رفت کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام تصفیہ طلب تنازعات کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے امریکا اور ایران کے وفود کو جمعہ، 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کر لیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خصوصی بیان میں کہامجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ دونوں فریقین ہر جگہ فوری جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ ’اسلام آباد مذاکرات‘ پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ہوں گے اور ہم آنے والے دنوں میں دنیا کے ساتھ مزید اچھی خبریں شیئر کریں گے۔
جنگ بندی کا اطلاق لبنان اور دیگر تمام متاثرہ مقامات پر فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اب اس تنازعے میں صرف ایک ثالث نہیں بلکہ میزبان کی حیثیت سے سامنے آیا ہے، جہاں عالمی طاقتیں تصفیے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھیں گی۔ ماہرین اسے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی دہائیوں کی سب سے بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں، جس نے خطے کو ایک ہولناک جنگ سے نکال کر مذاکرات کی میز پر لا کھڑا کیا ہے۔
اسلام آباد عالمی امن کا مرکز: وزیراعظم شہباز شریف کا امریکہ اور ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کا خیرمقدم، 10 اپریل کو مذاکرات کی دعوت
09:34 AM, 8 Apr, 2026