اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کا تکبر خاک میں ملا کر عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی میدان میں فتح کے بعد اب پاکستان سفارتی محاذ پر بھی بڑی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے جس کی وجہ سے عالمی برادری میں ملک کے وقار کو نئی بلندی ملی ہے۔
خواجہ آصف نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ سال بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اس کا غرور توڑ دیا گیا، جس کا اعتراف اب خود بھارت کے اندر بھی کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا امریکی صدر نے درجنوں بار پاکستان کی فتح کی تعریف کی ہے، جبکہ عالمی سطح پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی بصیرت کو سراہا جا رہا ہے۔ ہماری 78 سالہ تاریخ میں یہ قوم کے لیے فخر کا سب سے بڑا لمحہ ہے۔
وزیر دفاع نے مسلح افواج کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فورسز طالبان کے خلاف انتہائی کامیابی سے نبرد آزما ہیں۔ تاہم انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ جن لوگوں کی ہم نے پانچ دہائیوں تک کفالت کی، آج وہی ملک کے خلاف جارحانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔خلیج کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک کے درمیان کسی تنازع کا حصہ بننے کے بجائے صلح کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ خلیج فارس کے دونوں اطراف ہمارے اسلامی بھائی بستے ہیں، جن کے درمیان مصالحت ہماری ترجیح ہے۔ دفاعی سبقت کے ساتھ ساتھ پاکستان اب خطے کے امن کا مرکز بن کر ابھرا ہے۔
خواجہ آصف نے ان عظیم کامیابیوں پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے قیادت کی بصیرت اور فورسز کی قربانیوں کا ثمر قرار دیا۔
دفاعی میدان میں فتح کے بعد اب پاکستان سفارتی محاذ پر بھی بڑی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف
06:02 PM, 8 Apr, 2026