لاہور: معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی گلوکار عاصم اظہر کے حالیہ کنسرٹ میں شرکت نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی۔ سوشل پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں، اور مداح اس ملاقات کو عاصم کی سابق منگیتر میرُب علی سے علیحدگی سے جوڑ رہے ہیں۔
ہانیہ عامر اور عاصم اظہر، جو 2018-19 میں مقبول جوڑی تھے، 2020 میں ہانیہ نے واضح کیا کہ وہ صرف "اچھے دوست" ہیں اور ان کا رومانوی تعلق نہیں تھا۔
بعد ازاں عاصم اظہر نے میرُب علی سے منگنی کی، جسے بعد میں سوشل میڈیا پر ختم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس اعلان کے کچھ ہی عرصے بعد، ایک تقریب میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھا گیا۔
ریوائیو لانچ پارٹی کے دوران ہانیہ عامر کو سفید لباس میں اپنی دوست یشما گل کے ہمراہ کنسرٹ میں دیکھا گیا، جہاں وہ عاصم اظہر کی پرفارمنس سے خوب لطف اندوز ہو رہی تھیں۔ خاص طور پر جب عاصم نے اپنا وائرل گانا ”ترستی ہیں نگاہیں“ گایا تو ہانیہ کی خوشی دیدنی تھی۔
یہ مناظر جیسے ہی سوشل میڈیا پر آئے، صارفین کے ردعمل کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کسی نے لکھا، ”اب وہ کنسرٹ بھی اکیلے انجوائے نہیں کر سکتی؟“ تو کسی نے طنزیہ تبصرہ کیا، ”اب سمجھ آیا کہ عاصم نے میرُب سے کیوں علیحدگی اختیار کی۔“
ہانیہ اور عاصم نے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا مگر ان کی ملاقات نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔